Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

کیا واقعی عاطف اسلم گلوکاری کو خیرباد کہہ رہے ہیں؟

شائع 11 جون 2020 03:27pm

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ مایہ ناز گلوکار عاطف اسلم نے خانہ کعبہ میں اذان دینے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پر حامد میر کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عاطف اسلم نے خانہ کعبہ میں اذان دینے کی خواہش ظاہر کردی ہے۔

عاطف سے سوال پوچھا گیا کہ پہلے آپ نے قوالیاں و نعتیں وغیرہ پڑھیں اور پھر اذان اور بعد میں اسماء الحسنیٰ بھی پڑھی تو آپ کے مداحوں کے ذہن میں اس سوال نے جنم لیا کہ شاید آپ گلوکاری کو خیرباد کہہ رہے ہیں تو کیا واقعی ایسا ہے؟

اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں دنیا کے ساتھ ساتھ دین کو بھی ساتھ رکھنے کی کوشش کررہا ہوں، انسان سے غلطیاں ہوتی ہیں، میں میوزک نہیں چھوڑوں گا، فی الحال میرے دماغ میں ایسی کوئی بات نہیں ہے۔

بعد ازاں حامد میر نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ کوئی ایسی دعا ہمارے ساتھ شیئر کرنا چاہیں گے جس میں آپ نگاہِ کرم کی درخواست کریں تو عاطف نے جواب دیا کہ میری ایک دعا ضرور ہوتی ہے، اس کیلئے چاہے مجھے کسی سے درخواست ہی کرنی پڑے، میں ساری زندگی اس انسان کیلئے کام کرنے کیلئے تیار ہوجاؤں گا جو میرے لئے سفارش کرے کہ کسی طرح میں خانہ کعبہ میں اذان دے سکوں۔

عاطف اسلم کے جواب پر میزبان نے کہا کہ جیسے ہی آپ کی زبان سے یہ الفاظ ادا ہوئے تو میرے دل سے یہ دعا نکلی ہے کہ یااللہ اس دعا کو حقیقت بنادے۔ ویڈیو ملاحظہ کریں۔